’نہیں نہیں نازی ہی ذمہ دار ہیں‘


اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے فلسطینی رہنما کو یہودیوں کے قتلِ عام کا ذمہ دار قرار دیے جانے کے دعویٰ کے بعد جرمنی نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ ہولو کاسٹ کے ذمہ دار نازی تھے۔
جرمن چانسلر اینگیلا مرکل کے مطابق جرمن باشندوں کے ’ذہن میں یہ بات بہت واضح انداز میں موجود ہے‘ کہ نازی ہی اس کے ذمہ دار تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے کہا تھا کہ ہٹلر یہودیوں کو صرف یورپ سے بے دخل کرنا چاہتے تھے لیکن یروشلم کے مفتیِ اعلیٰ امین الحسینی نےاُنھیں کہا کہ یہودیوں کو ’جلادو۔‘
اسرائیل کے تاریخ دانوں اور سیاست دانوں کی جانب سے بن یامین نتن یاہو کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
برلن میں اینگیلا مارکل کے ہمراہ بات چیت میں نتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’ اس بات سے کسی کو بھی انکار نہیں کرنا چاہیے کہ ہٹلر ہولو کاسٹ کے ذمہ دار تھے۔‘
لیکن منگل کو یروشلم میں صیہونی عالمی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے نتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ امین الحسینی نے ہٹلر کو یہودیوں کے قتلِ عام کا مشورہ دیا۔
کانگریس سے خطاب میں نتن یاہو نے کہا کہ ’ہٹلر اُس وقت یہودیوں کو نیست و بابود نہیں کرنا چاہتے تھے وہ صرف یہودیوں کو بے دخل کرنا چاہتے تھے۔‘
’امین الحسینی نے ہٹلر سے ملاقات کی اور کہا کہ اگر آپ نے انھیں بے دخل کیا تو یہ دوبارہ آ جائیں گے۔‘
ہٹلر نے پوچھا کہ ’مجھے ان کے ساتھ کیا کرنا چاہیے؟‘
حسینی نے کہا ’انھیں جلا دو‘
اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب فلسطینوں کے ہاتھوں چاقو لگنے اور فائرنگ سے کئی اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

Share on Google Plus

0 comments: